علی گڑھ، 30/نومبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی سوشل سائنس لائبریری نے لمکا بک آف رکارڈس میں جگہ حاصل کرکے نیشنل ریکارڈقائم کیاہے۔یہ ریکارڈ اس لائیبریری کو سوشل سائنس سے متعلق ای۔بکس، ای۔جرنلس، ان ہاؤس لیکچرس، ممتاز اسکالرس کے ویڈیو لیکچرس، ڈاٹا بیس اور سافٹ وئیر کی شکل میں انٹرنیٹ پر موجودوسائل کو مسلسل جمع اوراپڈیٹ کرنے والی اکیلی لائبریری ہونے کے باعث حاصل ہوا ہے۔لمکابک آف رکارڈس کے ایڈیٹر مسٹر وجے گھوش نے مکمل جانچ کے بعد اے ایم یو کی سوشل سائنس سائبر لائبریری کو نیشنل رکارڈ کا سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے۔یہ سائبر لائبریری پوری دنیا میں موجود سماجک سائنسدانوں کو یوزر فرینڈلی انٹرفیس کے ذریعے معلومات فراہم کراتی ہے اور موجودہ وقت میں پوری دنیا کے تقریباً 142 ملکوں میں ریسرچ اور اسکالرشپ کے کاموں کے لئے اس کا استعمال ہو رہا ہے۔اس سائبر لائبریری کا قیام اے ایم یو کے لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس شعبہ کے سربراہ پروفیسر شباہت حسین کے ذریعے عمل میں آیا تھااور اس کا افتتاح 2013میں ہندوستان کے صدر شری پرنب مکھرجی کے ہاتھوں ہوا تھا۔اس لائبریری کو پچھلے سال آئی ایس او 9001:2008 سر ٹیفکیٹ سے بھی سرفراز کیا گیا تھا اور اس کا رجسٹریشن لندن کی ڈائریکٹریز آف اوپن ایکسس رپوزٹریز،جس کو ڈی او اے آر اور آر او اے آر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے،میں ہواہے۔ اے ایم یو کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ(ویٹرن) نے اس سائبر لائبریری کی کامیابیوں کا تذکرہ اپنے کانووکیشن خطبے میں بھی کیا ہے جبکہ پی وی سی برگیڈئیر ایس احمد علی نے اس کی کامیابیوں کو ایک سنگ میل بتایا ہے۔